اداکارہ کبریٰ خان کانیابرائیڈل فوٹوشوٹ اورویڈیو وائرل

نئے برائیڈل شوٹ میں وہ دلکش سرخ جوڑے میں روایتی پاکستانی دلہن بنی نظر آئیں

Sep 02, 2024 | 15:27:PM

(ویب ڈیسک)اداکارہ کبریٰ خان کی انگریز ماڈل کے ساتھ شادی کی تصاویراورویڈیو نےسوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

مقبول ڈرامہ سیریل "سنگِ مرمر" میں شیریں کا کردار نبھانے والی اداکارہ کبریٰ خان اپنی دلکشی اور منفرد لہجے کے سبب سب کے دلوں پر راج کرتی ہیں،ان کی اداکار گوہر رشید کے ساتھ دوستی کے چرچے عام ہیں اور اکثر لوگ یہ دعویٰ  کرتے ہیں کبریٰ خان جلد گوہر رشید سے شادی کرلیں گی لیکن دونوں اسٹارز ایک دوسرے کو اپنا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے درمیان اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

اب کبریٰ خان کی سفید کے بعد سرخ عروسی جوڑے میں تصاویرسوشل میڈیاپر وائرل ہوگئی ہیں،خود کبریٰ خان نے بھی تصویر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔

سوشل میڈیا پر چند تصاویر اور ویڈیوز زیرِ گردش ہیں جن میں وہ لندن کے مشہور کلاتھنگ برینڈ"کرسٹل لندن برائیڈل اسٹوڈیو" کا سفید برائیڈل گاؤن پہنے ہوئے ہیں،یہ فوٹوشوٹ برطانیہ کے واربروک ہاؤس ہوٹل کے خوب صورت باغ میں کیا گیا ہے جس میں ایک ایمبیزیڈر کار کو بھی بطور پراپ استعمال کیا گیا ہے۔

فوٹوگرافنگ انسٹاگرام پیج پر اس دن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی  گئی ہے جس میں کبریٰ خان کے ساتھ سیاہ سوٹ میں ملبوس خوبرو نوجوان کو دیکھا جاسکتا ہے،اداکارہ کاسفید گاؤن کسی برطانوی شہزادی کے لباس جیسا ہے اور ہیئر اسٹائل کو سفید چمکدار موتیوں والے کلپس مزید دلکش بنارہے ہیں۔

اگرچہ  جوڑی کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے لیکن اس فوٹو شوٹ کا حصہ بننے والے ماڈل آخر کون ہیں؟ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

 کبریٰ خان کے اس فوٹوشوٹ نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا کہ آیا اداکارہ شادی کرچکی ہیں یا محض ایک برینڈ فوٹوشوٹ ہے لیکن لکس ایونٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو نے تصدیق کردی کہ یہ  ایک پروموشنل فوٹوشوٹ ہی ہے۔

 کبریٰ خان کے نئے برائیڈل فوٹوشوٹ نے بھی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے جس میں وہ دلکش سرخ جوڑے میں روایتی پاکستانی دلہن بنی نظر آئیں اور گھونگٹ اوڑھے شادی ہال میں انٹری دیتی دکھائی دیں جبکہ ان کے ساتھ نظر آنے والے خوبرو ماڈل نے آف وائٹ شیروانی اور سرخ پگڑی پہنی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں