بات چیت کیلئے تیار ہوں،میرا مقصد ملک کو حقیقی آزادی دلانا ہے :عمران خان
آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستان کیلئے اعزاز ہوگا، اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں،9 مئی کی تحقیقات کرنی ہے تو اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے:بانی تحریک انصاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)تحریک انصاف کےبانی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دو نئی انٹریاں ہونے والی ہیں، ایک انٹری اس یوٹرن پر ہوگی جس میں ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی گئی، نواز شریف ڈھائی سال تک ووٹ کو عزت دو کا کہتے رہے۔
اڈیالہ جیل کی کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ خواجہ آصف نے فوج کو جتنا برا بھلا کہا کسی نے نہیں کہا، احسن اقبال نے پہلی مرتبہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا بتایا تھا، احسن اقبال نے فوج سے متعلق کہا تھا کہ یہ ریاست کے اندر ریاست ہے، احسن اقبال یہ بھی کہتے رہے کہ پاکستان میانمار بننے جارہا ہے،سابق وزیر اعظم کے مطابق جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے تویہ 9 مئی کا شور مچاتے ہیں، 9 مئی ان کی انشورنس پالیسی ہے، 9 مئی ختم ہوا تو ان کی حکومت اور سیاست دونوں ختم ہوجائیں گی۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ جمہوریت کی باتیں کرنے والے بوٹ کے آگے لیٹ گئے ہیں، 9 مئی کی تحقیقات کرنی ہے تو اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، مجھے اغوا کرنے کا جس نے حکم دیا اور جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی 9 مئی کی سازش اسی نے کی ہے، گنیز بک میں دوسری انٹری اس پر ہوگی کہ نواز شریف چاروں امپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلا پھر بھی ہارگیا، دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا، نواز شریف کو جتوانے کے لئے 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے، پٹن کی رپورٹ ہے کہ یاسمین راشد سے جتوانے کیلئے نواز شریف کو 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے۔
مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں، بات چیت کو کبھی نہ نہیں کی لیکن بات ان کے ساتھ ہوگی جو با اختیار ہیں، جو ان کو لے کر آئے ہیں، حکومت سے بات کرنا الیکشن میں ان کے ڈاکے کو تسلیم کرنا ہے۔
جلسے سے متعلق بتاتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے 8 ستمبر کے جلسے کے تین مقاصد ہیں، ایک مقصد چوری کیا ہوا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو واپس کیا جائے، دوسرا مقصد قبضہ گروپ سے ملک کو حقیقی آزادی دلانا ہے اور تیسرا مقصد ملک میں آزاد عدلیہ ہے، مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کیلئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستان کے لئے اعزاز ہوگا، اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں، پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں اس مقام تک کوئی نہیں پہنچا جہاں میں پہنچا ہوں، پاکستان میں سب سے بڑا سماجی کارکن میں ہوں، ہم نے دو ہسپتال بنائے، دو یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور ایک یونیورسٹی بن رہی ہے۔