چینی اسکینڈل:جہانگیر ترین اور علی ترین کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانتیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چینی اسکینڈل کیس میں اہم پیش رفت۔۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور بیٹے علی ترین کی سیشن اور بینکنگ کورٹ سے عبوری ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چینی اسکینڈل کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور بیٹے علی ترین نے لاہور کی سیشن عدالت میں عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ اسی سلسلے میں دونوں رہنما آج سیشن عدالت کے جج کے روبرو پیش ہوئے۔ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت 10اپریل تک منظور کرلی۔ عدالت نے پولیس کو دونوں ملزموں کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ اگلی سماعت تک ایف آئی اے سے رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔
دوسری جانب لاہور کی بینکنگ کورٹ نے بھی پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض باپ بیٹے کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی ہے۔بینکنگ کورٹ لاہور کی جانب سے حال ہی میں ایف آئی اے میں درج کئے جانے والے مقدمے میں یہ ضمانت منظور کی گئی ہے۔عدالت نے ایف آئی اے کو جہانگیرترین اور علی ترین کو 7 اپریل تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت پیشی کے موقع پر جہانگیر ترین نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے سےانکار کرتے ہوئے کہا بھائی کورونا ہے سب دور رہیں۔