(24نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور پنجاب کے صدر راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ استعفوں کے معاملے پرپیپلزپارٹی کی رائے کا احترام کرتے ہیں لیکن سینٹ میں اپوزیشن لیڈرکے لئے جس طرح انہوں نے ووٹ لئے وہ غلط تھا۔پیپلزپارٹی اپنی غلطی کوتسلیم کرے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ رضاربانی،اعتزازاحسن اورمصطفیٰ نوازکھوکھرنے بھی پیپلزپارٹی کے اقدام سےاختلاف کیا ہے۔پیپلزپارٹی کی بےاصولی کومعاف نہیں کیا جاسکتا۔ این اے 75 ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چور پکڑی گئی۔یہ لوگ وہ ہیں جو چور چور کا شور مچاتے ہیں اور خود چوری کرتے ہیں۔ یہ حکومت صرف انتقام پر چل رہی ہے۔ این اے 75 ڈسکہ کا فیصلہ موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ہے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ ہم 73ء سال سے دھکے اس لئے کھا رہے ہیں کہ اس ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری نہیں۔ ہمارے قائد میاں نواز شریف کے ووٹ کوعزت دو کے بیانیے سے عوامی شعور اجاگر ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی عمل داری کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک میں ووٹ کی عزت نہیں ہے۔