(24نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان پر عائد سفری پابندیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت نے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا چناؤ سائنسی بنیاد پر کیا یا اس کی وجہ خارجہ پالیسی ہے؟۔
اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کے خط کی کاپی کو ٹویٹ کیا ہے جس میں ناز شاہ نے بھارت، امریکاکی نسبت بہتر صورتحال کے باوجود پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔
اسد عمر نے لکھا ہے کہ ہر ملک کو اپنے شہریوں کی صحت کی حفاظت سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق ہے، تاہم برطانوی حکومت کی جانب سے کورونا صورتحال کو جواز بنا کر پاکستان سمیت چند دیگر ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے عمل نے جائز سوالات اٹھا دیئے ہیں۔وفاقی وزیر نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت کی ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے لئے پاکستان و چند دیگر ممالک کا چناؤ سائنسی بنیاد پر تھا یا اس کی وجہ خارجہ پالیسی تھی۔
یاد رہے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔ پاکستان میں موجود برطانوی شہری اور ریزیڈنسی ویزا کے حامل افراد ہی واپس برطانیہ جا سکیں گے، پاکستانیوں کو وزٹ ویزہ ایشو نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:برطانوی رکن پارلیمنٹ کی پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کی مخالفت