(24نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری کا کہنا ہے کہ رمضان کاچاند 13 اپریل کی شام دیکھا جاسکےگا جبکہ پہلا روزہ 14 رمضان کو ہوگا۔جس پر ٹویٹر صارفین نے وفاقی وزیر کو اپنی غلطی درست کرنے کا کہتے ہوئے لکھا فواد صاحب پہلا روزہ 14 اپریل کو ہے 14 رمضا ن کو نہیں۔
رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل وفاقی وزیر فوادچودھری ایک بار پھر میدان میں آگئے ہیں اور سائنسی حساب کتاب کرتے ہوئے انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے قبل اپنا فیصلہ سنادیا ۔ وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ رمضان کا چاند 13 اپریل کی شام کو لاہور،اسلام آباد اور پشاور سمیت کئی دیگر شہروں میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا ۔ خدا یہ رمضان سب کیلئے رحمت اور برکت کا باعث کرے، آمین۔
لیکن اس دوران فوادچودھری نے ٹویٹر پیغام میں غلطی سے لکھ دیا کہ پہلا روزہ 14 رمضان کو ہوگا۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں غلطی ٹھیک کرنے کا کہا گیا۔ بعدازاں فوادچودھری نے غلطی کا احساس ہونے پر تصیح کرلی۔