(24 نیوز) یکساں قومی نصاب، محکمہ سکول ایجوکیشن کا پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کی تربیت کا فیصلہ، سرکاری سکولوں کے ہیڈز کو بطور ٹرینر نجی سکولوں میں تعینات کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے یکساں قومی نصاب کے بارے میں پرائیویٹ سکولز اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اساتذہ کو تربیت سکول ایجوکیشن کے ذیلی ادارے قائد اعظم اکیڈمی برائے ترقی و تعلیم کے تحت دی جائے گی، ہر ڈسٹرکٹ میں موجود منتخب پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔
تمام ڈسٹرکٹس ایجوکیشن اتھارٹیز سے پرائیویٹ سکولز کے پرائمری ٹیچرز کے ناموں کی فہرست طلب کرلی گئی ہے، سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو بطور ٹرینر نجی سکولوں میں تعینات کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ کرلیا، پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کے 6 اضلاع میں 4 ہزار سے زائد سکول ٹیچرز انٹرنز بھرتی کیے جائیں گے، سکول ٹیچنگ انٹرنز 6 مراحل میں بھرتی کئے جائیں گے، ہر مرحلے میں 6 اضلاع کو سکول ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کرنے کی اجازت ہوگی۔
پہلے مرحلہ میں ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، میانوالی، راجن پور اور سیالکوٹ میں بھرتی کی جائے گی، پرائمری سکولوں کیلئے میٹرک پاس رکھے جائیں گے، مڈل سکولوں کیلئے بی اے پاس اور ہائی سکولوں کیلئے گریجویٹ پاس امیدوار رکھے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :سات دن میں معافی ورنہ۔۔۔۔براڈ شیٹ سربراہ کی جسٹس عظمت سعید کو دھمکی