پی ڈی ایم حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے بنا تھا کسی ایک جماعت کی سہولت کاری کیلئے نہیں، فیصل کریم کنڈی

Apr 03, 2021 | 20:11:PM

(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کاکہناہے کہ پی پی پی ڈی ایم کی بانی جماعت ہے ، شوکاز نوٹس کا مطالبہ کرنے والے اپنے اندر جھانکیں، پی ڈی ایم حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے بنا تھا کسی ایک جماعت کی سہولت کاری کیلئے نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ اپوزیشن کےخلاف اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس حکومت کی سہولت کاری ہے، پی ڈی ایم کے خفیہ اجلاس نے شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے ، پی ڈی ایم کا خفیہ اجلاس بلانے کے کیا مقاصد ہو سکتے ہیں ۔ان کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کی بانی سیاسی جماعت ہے، رات کے اندھیروں میں خفیہ ملاقاتیں کرنے والے اب اجلاس بھی خفیہ بلانے لگ گئے، سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کرنے والوں نے عمران خان کی سہولت کاری کی۔
پی پی رہنما نے کہاکہ ہم پر الزام لگانے والے پہلے بتائیں کہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب میں پی ٹی آئی سے مک مکا کیوں کیا گیا ؟ خیبرپختونخوا میں ن لیگ نے فرحت اللہ بابر کو شکست دلوا کر حکومتی امیدوار کو کیوں جتوایا ؟ پی پی پی پر ڈیل کے الزام وہ لگا رہے ہیں جو ڈیل کر کے باہر چلے جانے کے عادی ہیں،ہم حکومت کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کے اتحاد کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، اس لئے چپ ہیں۔
پی پی رہنما نے کہاکہ اب بھی کون ڈیل کی آس لگا کر بیٹھا ہے اور کون پھر باہر جانا چاہتا ہے سب کو پتا ہے، اگر پی پی پی کی ڈیل ہوتی تو ہمارے مقدمے دوبارہ نہ کھلتے بلکہ ہمیں دوسروں کی طرح ریلیف ملتا۔

یہ بھی پڑھیں:  کورونا سے جاں بحق لوگو ں کی اب تدفین کیسے ہوگی؟جانئے

مزیدخبریں