(24 نیوز)مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار سنچری کی بدولت دو نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا گیا اور پاکستان نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے مگر اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 104 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابر نے صرف سنچری ہی اسکور نہیں کی بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔یہ قومی ٹیم کے کپتان کی ون ڈے کرکٹ میں 13ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی وہ سب سے کم اننگز میں 13 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے جنہوں نے یہ کارنامہ 76 اننگز میں انجام دیا۔اس سے قبل یہ اعزاز ہاشم آملا کے پاس تھا جنہوں نے 83 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ ویرات کوہلی نے 86 اننگز میں 13ویں سنچری بنائی تھی۔بابر اعظم نے آخری ون ڈے میچ زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا اور اس میچ میں بھی سنچری اسکور کی تھی، اس طرح وہ لگاتار دو ون ڈے میچوں میں پاکستان کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے کپتان بھی بن گئے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں صرف بابر اعظم نے ہی ریکارڈ اپنے نام نہیں کیا بلکہ قومی ٹیم نے ایک منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 274 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا جو جنوبی افریقہ کے خلاف اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی ، 1947کے بعد اپریل میں ہیٹ ویو کا نیا ریکارڈ بن گیا