متحدہ اپوزیشن نے بڑا مطالبہ کردیا

Apr 03, 2022 | 23:12:PM
متحدہ اپوزیشن، تحریک عدم اعتماد، غیر قانونی، حکومتی اقدامات ، مطالبہ
کیپشن: متحدہ اپوزیشن، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پرغیرقانونی وغیردستوری حکومتی اقدامات پر مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ازخودنوٹس کی سماعت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ سنے، ان کا کہناتھا کہ عمران نیازی نے آج ملک اور آئین کے خلاف کھلی بغاوت کی ہے جس کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں درج ہے،عمران نیازی کی اس بغاوت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ 
متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ بیان میں کہاگیاہے کہ آج ملک کی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، آئین، جمہوریت ، قانون اور سیاسی اخلاقیات کے خلاف بغاوت کی گئی ہے،سپیکر سمیت تمام حکومتی ٹولے کے غیرآئینی وغیرپارلیمانی اقدامات اور رویوں کی شدید مذمت کرتے ہیںاور انہیں آئین شکن قرار دیتے ہیں۔
بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ ایوان کے اندر متحدہ اپوزیشن اپنی واضح اکثریت ثابت کرچکی ہے، یہ بھی بلاشک وشبہ عیاں ہوچکا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ایوان کے ارکان کی واضح اکثریت ہے،متحدہ اپوزیشن آئین ، عوام اور جمہوریت کا ساتھ دینے والے تمام باضمیر اور آئین وعوام دوست ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہے اوران کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ 
بیان میں مزید کہاگیاہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے صورتحال کا نوٹس لینے کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں،ملک وقوم کو درپیش سنگین آئینی بحران کے پیش نظر چیف جسٹس اور ان کے برادر ججز کی طرف سے فوری کارروائی اور مختصر حکم کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہیں، متحدہ اپوزیشن اور پاکستان کے بائیس کروڑ عوام پرامید ہیں کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی،متحدہ اپوزیشن کا کہناتھا کہ عدلیہ آئین شکنی کے اقدامات سے پیدا ہونے والے بحران پر ایک منصفانہ، عادلانہ اور دستور کی روشنی میں فیصلہ صادر فرمائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان وزیراعظم نہیں رہے