انشاءاللہ وقت بدلے گا،ملک کو مسائل سے نکالیں گے:وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا ،حالات گھمبیر ہیں لیکن ہماری نیت صاف ہے، انشاءاللہ حالات بہتر ہوں گے ،وقت آئے گا حالات بدل جائیں گے، یہ میرا ایمان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں،10 کروڑ غریب خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا آغاز کیا،پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں غریبوں کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں،آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں،پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بات چیت جاری ہے ،برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے 2018 تک پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا ،ملک کو سیلاب کی تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے، 100 ارب روپے صرف وفاق سے سیلاب متاثرین کو دئیے گئے ،عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا،دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بدزبانی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے گئے ،عمران اور حواریوں نے کہاکہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی،چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی مددگار دوست پر بھونڈے الزامات لگائے گئے ،اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے،ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق ؟فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے گا،عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کئے، پھر خود خلاف ورزی کرکے اس پروگرام کو معطل کر دیا،عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، عمران خان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے،عمران خان دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ریفرنس دائر ہوئے،اسرائیل سے تجارت کا دور دور تک کوئی امکان نہیں،اسرائیل سے تجارت کی باتیں جھوٹ اور مکمل بے بنیاد ہیں، عمران خان دور میں چین کے بارے میں جو گفتگوکی گئی وہ بیان نہیں کی جاسکتی،خارجہ پالیسی کو تباہ کیا گیا، دوست ممالک سے تعلقات ختم کئے گئے،عدلیہ پر بھرپور حملہ کرنے والا عمران نیازی ہے،ملک میں مہنگائی کا طوفان ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا،پاکستان کو بچانے کیلئے ہرقربانی دینے کیلئے تیار ہیں،خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا دھبہ کوئی ہونہیں سکتا ۔
شہباز شریف نے پارٹی ارکان کے عزم وہمت اور وفاداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بچانے کیلئے سیاست قربان کر دی، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے،پاکستان کو ضعف پہنچے تو ہم سب نقصان میں ہیں،انشاءاللہ وقت بدلے گا، نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالیں گے،معاشی بہتری کیلئے سیاسی استحکام لازم ہے،سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے کو عدالت سے دن رات ریلیف مل رہا ہے ،پاکستان آج حقیقت میں تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے ،سب کو مل کر فسطائیت کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔