آصف زرداری سے آرمی چیف کی ملاقات،دہشتگردی کیخلاف فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا

Apr 03, 2024 | 18:07:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی اورآصف علی زرداری کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،آرمی سٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے صدر مملکت کو دہشتگردی کیخلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا ،ملاقات میں روایتی خطرات کیخلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی،آرمی سٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا،ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہاکہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں، صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کیلئے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا،صدر مملکت نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،آصف زرداری نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشتگردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہارکیا۔
صدر مملکت نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا،صدر مملکت نے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہارکیا۔
صدر آصف زرداری نے قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکو خراج عقیدت کیا،صدرمملکت نے کہاکہ شہداکا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔
صدر مملکت نے شہدااور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا،صدر مملکت نے شہدااور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا،ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کا روپے پر پلٹ کر وار دیگر کرنسیوں کا بھی بڑا جھٹکا

مزیدخبریں