پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی عہدیداران کی گرفتاریوں کا عندیہ دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، عمران خان نے بھارت، اسرائیل سے بھی مدد لی ہے، عمران خان نے امریکہ، کینیڈا اور فن لینڈ سے بھی مدد لی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے استفسار کیا کہ جن ممالک سے اس کو فنڈ مل رہا ہے وہ پاکستان کے نظریے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہنسی آتی ہے کہ فوری بیان دیتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں آ گیا، جب ان کو تھوڑا سا ہوش آ گیا تو آج عدالت میں جا رہے ہیں، پہلے بھی کہا تھا کہ عمران خان الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہا ہے لیکن الیکشن کمیشن بلیک میل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور بریگیڈیئر خالد کی نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ حساب کتاب 2013 تک کا ہے اس کے بعد کا بھی حساب کتاب نکالیں گے، ہم نے کوئی کیس نہیں کیا تھا، ان کی پارٹی کے رکن نے کیس کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک ادارہ ہے، اس کے حقائق کو نہیں جھٹلایا جاسکتا ہے، جو تفصیلات دی گئی ہیں وہ اسٹیٹ بینک نے دی ہیں، یہ رپورٹس تحریک انصاف کے دور میں اسٹیٹ بینک نے دی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے بعد پی ٹی آئی کے عہدیداران کی فوری طور پر گرفتاریاں عمل میں لائی جانی چاہئیں، ان کے ملازمین کو گرفتار کر کے مزید تفصیلات حاصل کی جائیں۔