(ویب ڈیسک) تائیوان کے ساتھ جاری چین کی حالیہ کشیدگی پر ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ‘ون چائنا پالیسی’ کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مضبوطی سے حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آبنائے تائیوان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے، کیونکہ اس کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پہلے ہی یوکرین کے تنازعے کی وجہ سے سلامتی کی ایک نازک صورتحال سے دوچار ہے، اس نئے بحران کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الریاستی تعلقات اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گمراہ کن پروپیگنڈے کا الزام، الیکشن کمیشن نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا
واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک علیحدہ ریاست مانتا ہے اور اس معاملے پر فریقین کے درمیان طویل عرصے سے تنازعہ چلا آ رہا ہے۔ گزشتہ روزامریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی چین کی جانب سے سخت انتباہ کے باوجود تائیوان پہنچی جس پر چین نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو ہرگز برداشت نہیں کرےگا، امریکہ بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کیلئے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔