(24 نیوز) وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی درخواست پر عراقی ہم منصب کی جانب سے اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان عراق کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشماری سے ملاقات کی، انہوں نے شاندار مہمان نوازی پر اپنے عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، ان کی درخواست پر عراقی ہم منصب کی جانب سے اربعین کے دوران پاکستانی زائرین کا کوٹہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ سنایا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کو بڑا بلاوا آگیا، حیران کن وجہ بھی سامنے آ گئی
وزیر داخلہ کی استدعا پر عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستانی زائرین کو گروپ ویزہ کے علاوہ پاکستان میں عراقی سفارت خانے سے انفرادی ویزہ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی اور وزیر داخلہ کے استفسار پر عراقی وزیر داخلہ کی پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس میں کمی کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی جس پر رانا ثناءاللہ نے زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، دہشت گردی کا شکار عراق کی تعمیر نو کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عراق پاکستان کے اداروں کی انسداد دہشت گردی میں مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، دونو ں ممالک نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور اس کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی وزار ت داخلہ عراقی وزارت داخلہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی خواہاں ہے ۔
عراقی وزیر داخلہ نے دورہ کرنے پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پولیس اکیڈمی اور فرانزک کے شعبہ میں عراقی افسران اور کیڈٹس کی تربیت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کی ایک اور بڑی کامیاب، پنجاب سے اہم سیاسی شخصیات نے شمولیت کا اعلان کر دیا
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید سے بھی ملاقات کی، عراقی صدر اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانےپر اتفاق ہوا۔
عراقی صدر کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔