(24 نیوز) پی ٹی آئی نے راجہ ریاض، نور عالم سمیت مزید 13 ارکان کو پارٹی سےنکال دیا۔ سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر ملک شوکت علی کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر راجہ ریاض اور نور عالم خان سمیت مزید 13 پارٹی ارکان کو نکال دیا۔ تحریک انصاف نے رمیش کمار وانکوانی، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر، سردار ریاض محمود خان مزاری کو پارٹی سے نکال دیا، رانا محمد قاسم نون کی بھی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی۔
نواب شیر، مخدوم زادہ سید باسط احمد سلطان، افضل خان ڈھانڈلہ، محمد عبدالغفار وٹو، عامر طلال گوپانگ اور احمد حسین دہر کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا، پارٹی چھوڑنے والوں کو برطرفی کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں، تمام رہنماؤں کو کسی بھی طرح سے پارٹی کا نام اور عہدہ استعمال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سابق ایم پی اے خیبرپختونخواء ملک شوکت علی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، شوکت علی کو مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر نئی پارٹی اجلاس میں شرکت پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے شوکت علی سے دو دن کے اندر وضاحت طلب کرلی۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پالیسی سے انحراف کرنے پر 22 ارکان کو پارٹی بدر کردیا تھا۔