(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے بھارتی اداکار شاہ رخ خان سے ہونے والی پہلی ملاقات اور ان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان، پریتی زنٹا، ہمایوں سعید اور ریما خان نے 2005ء کے زی سینما ایوارڈز میں مل کر فلم ’ویر زارا‘ اور ’کل ہو نہ ہو‘ کے گانوں پر پرفارمنس دی تھی۔
اس پرفارمنس کے حوالے سے ہمایوں سعید نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ جب میں شاہ رخ سے ملا تو بہت جوش تھا اور وہ بھی مجھ سے بہت اچھے انداز میں ملے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہم ان کے کمرے میں تھے تو اُنہوں نے مجھے اپنے پاس بٹھایا اور میرے ساتھ بھارتی اور پاکستانی فلموں پر بات کی، اس وقت سینما گھروں میں مہرین جبار اور شان کی فلم’خدا کے لیے‘ ریلیز ہوئی تھی تو شاہ رخ خان نے اس کے بارے میں کہا کہ جوبھی یہ فلم دیکھے گا اس کی تعریف کرے گا۔
مزید پڑھیں: 68 سالہ خاتون نے کمال کر دیا، جم میں ٹرینگ،ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل
ہمایوں سعید نے کہا کہ شاہ رخ خان نے پاکستانی فلم کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستانی فلمیں بھارت اور بھارتی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہونی چاہئیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایوارڈ شو میں اپنی پرفارمنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ میں پرفارمنس سے صرف ایک دن پہلے سیٹ پر پہنچا تھا اس لیے میں کچھ نہیں جانتا تھا کہ کیا کرنا ہے تو شاہ رخ خان نے مجھے تسلی دی کہ میں سنبھال لوں گا۔