عراقی شہریوں کیلئے ویزا فری سہولت پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا:محسن نقوی

Aug 03, 2024 | 12:19:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عراقی شہریوں کیلئے ویزا فری سہولت پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

عراق کے ریپڈ رسپانس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد وزارت داخلہ پہنچا جہاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی زائرین سے عراق میں پاسپورٹ نہ لینے اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں عراقی پولیس کو پاکستان میں تربیت دینے اور سیف سٹی پراجیکٹ میں تعاون پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے باہمی اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

عراقی وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق کے دورے کی بھی دعوت دی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عراق جانے والے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کی تجویز فوری اقدامات کی متقاضی ہے، امید ہے کہ عراقی حکومت اس ضمن میں جلد حتمی فیصلہ کرے گی، پاکستان نے عراقی بہن بھائیوں کیلئے ویزا فری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر جلد عمل شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عراقی پولیس کی تربیت کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، سیف سٹی پراجیکٹ میں عراق کو ہر سطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔

کمانڈر عراقی ریپڈ رسپانس یونٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر تہامیر اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے حوالے سے ڈی جی پاسپورٹ سے بات کی جائے گی، امید ہے کہ ایشو حل ہو جائے گا، پاکستان سے آنے والے بہن بھائی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔

عراقی وفد میں بریگیڈیئر جنرل کمانڈر آف پروٹیکشن رجمنٹ عقیل کاظم، بریگیڈیئر جنرل عبدالحسین، محمد سہیل اور دیگر شامل تھے جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر محمد عاصم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں