اسحاق ڈار کا ایرانی نگران وزیر خارجہ سے رابطہ, اسماعیل ہانیہ شہید کے بہیمانہ قتل کی مذمت

Aug 03, 2024 | 16:29:PM

(24نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی نگراں وزیر خارجہ علی باقری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ میں آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے پس منظر میں تبادلہ خیال کیا ۔

ترجمان کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد ہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی,ترجمان نےبتایا کہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے اسماعیل ہانیہ شہید کے بہیمانہ قتل کی شدید میں مذمت کی، اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے غزہ میں ہونے والی پیش رفت کی بھی مذمت کی ہے ۔

ترجمان کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے جائز حقوق اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ، پاک ایران وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مربوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار سے وزرائے خارجہ کی سطح پر بلائے جانے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی ، جس کی  اسحاق ڈار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اجلاس میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوگا۔

ترجمان کے مطابق اجلاس کی درخواست ایران کی جانب سے کی گئی ہے ، امکان ہے کہ جلد ہی او آئی سی کا اجلاس منعقد ہوگا، پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔
 

مزیدخبریں