ووٹ کو عزت کا نعرہ لگاکر بوٹ کو عزت دینے والا بڑا یوٹرن ہے،بانی پی ٹی آئی

Aug 03, 2024 | 16:30:PM

(24 نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت کا نعرہ لگاکر بوٹ کو عزت دینے والا بڑا یوٹرن ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، مذاکرات آئین کے دائرے میں رہ کر کروں گا مگر اس حکومت سےکیامذاکرات کروں جو چارحلقےکھلنےسےختم ہوجائےگی۔

 بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے محمودخان اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سےمذاکرات کا کہا ہے، محمود اچکزئی نےکہا ہے وہ فوج سے مذاکرات نہیں کرسکتے۔

یوٹرن لینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا یوٹرن وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی۔

شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا اور تیسری بار سوال پر عمران خان نےکہا کہ شیر افضل مروت کے معاملے پر بعد میں بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خریداروں کیلئے خوشخبری،سونا سستا ہو گیا

خیال رہے کہ ء190 ملین پاونڈز کیس میں عمران خان کے وکیل کی عدم پیشی کی وجہ سے سماعت ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں نئے تعینات ہونے والے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے بیان پر جرح نہیں ہو سکی۔

دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباسی چوہدری مصروفیت کے باعث دستیاب نہیں۔ 

وکیل دستیاب ہوں گے تو تفتیشی افسر پر جرح کریں گے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی بھی ٹیم کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے ان کی بیٹوں سے فون پر بات کرنے سے متعلق درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں