(اویس کیانی) لیگی رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی پیشکش سے پہلے آپ 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کے تحائف واپس کریں، جن کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا رہا وہ ہمیں ووٹ کی عزت کا لیکچر نہ دیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے عمران خان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انوکھا لاڈلا نہ جیولری واپس کرتا ہے نہ ہی 9 مئی پر معافی مانگتا ہے، مذاکرات کی پیشکش کرنے سے پہلے آپ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم اور توشہ خانہ کے تحائف واپس کریں، اس انوکھے لاڈلے کی کرپشن کی کہانیاں آج ہر شہری کی زبان پر ہیں، عمران نیازی کے دور میں مافیا نے عوام کو چار سال تک لوٹا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اس وقت یہ دوسروں کے اے سی اتارنے کی بات کرتا تھا اور اب وہ خود جیل میں فریج مانگ رہا ہے، جو شخص اپنے مخلص کارکنوں کا نہ ہو سکا وہ کسی اور کا کیا بنے گا، عمران نیازی کہتا تھا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، آپ ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں اس کا جواب دیں، یو ٹرن ماسٹر نے اتنے یو ٹرن لئے کہ اب اسے سمجھ نہیں آ رہی کہ کس جگہ سے یو ٹرن لینا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے ووٹ کو عزت ملی، آئینی طریقے سے ایک نااہل، چور اور کرپٹ شخص کو اقتدار سے الگ کر کے گھر بھیجا گیا، عمران نیازی کو اسی کی تکلیف ہے، انہوں نے اپنے ووٹ کو عزت دی ہوتی تو سنی اتحاد کونسل میں نہ جاتے، ووٹ کو عزت دینے والے ہوتے تو پارٹی کے اندر انتخابات کرواتے، جن کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا رہا وہ ہمیں ووٹ کی عزت کا لیکچر نہ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت کی رکنیت منسوخی،پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آ گئے
بانی پی ٹی آئی پر تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے گھر کا خرچہ دوسرے لوگ اٹھاتے تھے، جس نے بھی اسے کچھ دیا عمران نیازی نے واپس نہیں کیا، ووٹ کو عزت دو کے نعرے نے آپ کے معدے میں تکلیف پیدا کر دی ہے، آپ 190 ملین پاؤنڈ، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کے تحائف نہ کھاتے تو آپ کا معدہ بھی خراب نہ ہوتا۔