شیر افضل مروت کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت

Aug 03, 2024 | 20:31:PM

(24نیوز)سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ 
مخدوم جمیل الزمان نے شیر افضل خان مروت کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنی قیادت میں پاکستان کو ایک جدید ملک بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم آپ کو پی پی پی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ مل کر اس قوم کی خدمت کریں۔مخدوم جمیل الزماں جلد اسلام آباد پہنچ کر شیر افضل مروت سے ملاقات کریں گے اور انہیں پیپلز پارٹی میں شمولیت کی باضابطہ طور پر دعوت دیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پارٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی نے نوٹی فکیشن جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس بھی جاری ہوا تھا کہ اپنے بیانات جاری کردہ ہدایات کے مطابق دیں، شیر افضل مروت کی ٹوئٹس اور میڈیا کے بیانات کی نگرانی کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی۔

فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی نے نتیجہ اخذ کیا کہ شیر افضل مروت پارٹی کے قواعد و ضوابط کا بالکل پاس نہیں کرتے اور خود کو پارٹی سے بالا سمجھتے ہیں، جس سے پارٹی کی تصویر اور پارٹی کا بیانیہ بری طرح مسخ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خبردار ہوشیار!محکمہ موسمیات کی تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی

مزیدخبریں