(ویب ڈیسک) سندھ سرکار نے 2 لاکھ گھروں کو سولر سسٹم دینے کا اعلان کردیا، پیکج میں کیا کیا شامل ہو گا؟ عوام کو کتنی سبسڈی دی جائے گی؟ اصل قیمت کیا ہو گی اور عوام کو کتنی رقم ادا کرنا ہو گی؟ رجسٹریشن کیسے ہو گئی؟
وزیراعلیٰ ہاؤس میں سولر ہوم سسٹم کے معاہدے کی تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی مصدق خان ، بولی کےلے اہل قرار دی گئی 3 کمپنیوں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سولر سسٹمز کی فراہمی کےلیے 3 کمپنیوں کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سندھ کے دو لاکھ گھروں کو سولرسسٹم دیں گے، تین کمپنیاں اس سسٹم پر کام کررہی ہیں، تمام کمپنیوں کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، سندھ سولر انرجی پراجیکٹ ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے شروع کرنے جارہے ہیں، ایکنک 27 ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے اس معاہدے کی منظوری دے چکی ہے، عالمی بینک اس منصوبےکےلیے 10 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سسٹم کی اصل لاگت 55 ہزار روپے ہے جو 80 فیصد سبسڈی کے بعد مستحقین کو صرف 6 ہزار روپے کی ادائیگی پر فراہم کیا جائےگا، سولز سسٹم کے اہل افراد کا تعین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر کم آمدنی والے گھرانوں سے کیا جائے گا، ان میں سے بھی انتہائی غریب افراد جو 6 ہزار ادا کرنے کی گنجائش سکت نہیں رکھتے محکمہ توانائی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سولر کٹس فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پروگرام کا آغْاز 2020 میں کیا گیا مگر سبسڈی کی رقم 40 فیصد تھی جبکہ غریب گھرانے 60 فیصد اخراجات ادا کرنے سے قاصر تھے، صرف 322 سسٹم فروخت ہوئے، اب عالمی بینک کے تعاون سے سبسڈی کی رقم 80 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے، 2022 میں تباہ کن سیلاب اور کوویڈ 19 کے بحران کی وجہ سے یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر سے سستی ترین بجلی فراہم کی جارہی ہے، پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، چاہتے ہیں لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں، اس وقت بجلی کا بحران زیادہ ہے، گرین پاورپلانٹ سے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کریں گے، تمام سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، 34 سرکاری عارتیں سولر پر منتقل ہوچکی ہیں، چاہتے ہیں تمام سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی سے استفادہ حاصل ہو۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رکنیت معطل ہوتے ہی شیر افضل مروت کو بڑی سیاسی پارٹی میں شمولیت کی دعوت مل گئی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نےبتایا کہ سسٹم کی خریداری کےلیے سندھ بینک میں 6 ہزار روپے کا چالان جمع کرانا ہوگا، سسٹمز کی تقسیم ، سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ کے تحت کام کرنے والی 5 این جی اوز کے ذریعے کی جائے گی، سٹیک ہولڈر کے تعاون اور پروگرام کے عمل میں شفافیت کے لیے ویب پورٹل کے ذریعے ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم تیار کیا گیا ہے، ایس ایچ ایس سسٹم صرف ضرورت مند گھرانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے انڈیپینڈینٹ ویری فکیشن ایجنٹ کا تقرر کیا جائے گا، تقسیم کے عمل کی شفافیت کے لیےصارف آگاہی پروگرام عمل میں لایا جائے گا تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز اور مستفید حضرات کے حوالے سے معلومات حاصل کی جاسکیں۔
پیکیج میں کونسی کونسی چیزیں شامل ہوں گی؟
سولر ہوم سسٹمز 80 سے 100 واٹ کی سولر پلیٹ ، 180 واٹ یعنی اٹھارہ اے ایچ کی بیٹری، ایک پنکھا ، تین ایل ای ڈی بلب اور موبائل، چارجنگ کی سہولت پر مشتمل ہوں گے۔
واضح رہے کہ اعلامیے کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر کے 30 اضلاع میں غریب گھرانوں کو معمولی ادائیگی پر ہوم سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے، منصوبے کے تحت 2 لاکھ گھرانوں کو صرف 6 ہزار روپے کی معمولی ادائیگی پر سولر سسٹم فراہم کیا جائےگا، اکتوبر کے آخر تک 50 ہزار سسٹم تقسیم کےلیے کراچی پہنچ جائیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 021-111-222-262 ڈائل کریں۔