یوم استحصال کے حوالے سے تیاریوں پر خصوصی اجلاس، وزیراعظم کو تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) اسلام آباد میں یوم استحصال کے حوالے سے تیاریوں پر خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت یوم استحصال کے حوالے سے تیاریوں پر خصوصی اجلاس ہوا، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم کو یوم استحصال کے حوالے سے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
یوم استحصال بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور کشمیریوں کے آزادی کے حق کی حمایت کے خصوصی دن کے طورپر منایا جائے گا، یوم استحصال پر جموں وکشمیر کے تنازعے، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں، بھارتی وعدہ خلافیوں کو اجاگر کیاجائے گا۔
پاکستانی اور کشمیری قیادت کی مشترکہ مرکزی تقریب کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعظم شہبازشریف کا 5 اگست کو کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لئے مظفرآباد جانے کا امکان بھی ہے، وزیراعظم 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف یوم استحصال پر اہم پالیسی بیان بھی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس کی بندش سے متعلق اہم اعلان
مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو عالمی برادری، کشمیری اور پاکستانی مسترد کرچکے ہیں، یوم استحصال پر خصوصی واک ہوگی، وفاق سمیت چاروں صوبوں، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں خصوصی تقاریب ہوں گی، خصوصی نشریات چلائی جائیں گی، تحریک آزادی کشمیر کے قائدین، کشمیریوں کی قربانیوں، بھارتی مظالم کے حقائق کو اجاگر کیاجائے گا۔