اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب

Aug 03, 2024 | 23:36:PM
اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا، او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس سات اگست کو جدہ میں ہوگا ۔

او آئی سی نے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کئے جانے کے حوالے سے فلسطین اور ایران کی درخواست قبول کر لی، مشرق وسطی میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کے تناظر میں فلسطین اور ایران نے او آئی سی وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی، او آئی سی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں غزہ کی پٹی کی تازہ ترین صورتحال، مشرق وسطی میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

 او آئی سی کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اسرائیلی قابض فوج کے فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم پر گفتگو کی جائے گی، اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل کریں گے ،او آئی سی وزرائے خارجہ کے بند کمرہ سیشن میں فلسطین، ایران  اور پاکستان سمیت رکن ممالک اظہار خیال کریں گے، او آئی سی ایجنڈا کے مطابق اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - دنیا
ٹیگز: