(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں ’ہمالیہ نیشنل پارک‘ اور ’نانگا پربت نیشنل پارک بنانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا اورگلگت بلتستان کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت بھی کی جہاں گورنر گلگت بلتستان نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔تقریب کے بعدوزیراعظم نے دونوں نیشنل پارکس کا ’پروٹیکٹڈ ایریاز انیشی ایٹو‘ کے تحت اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ قومی پارکس سے پاکستان کے قدرتی اثاثوں کو تحفظ ملے گا۔دونوں نیشنل پارکس اونچائی، نایاب پودوں وجانوروں پر مشتمل ماحولیاتی علاقے ہیں جہاں برفانی چیتے، ہمالیہ کے برائون ریچھ، لداخ یوریل، مارخور اور بلیو شیپ رہتے ہیں ہیں۔ 3600مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے نیشنل پارکس میں 5 فیصد گلگت کی اراضی شامل ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی نئی حکومت نئی روایت قائم کرے گی، علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے سستے قرضے دیں گے۔