(24 نیوز) آذربائیجان کے ہاتھوں 6 ہفتوں کی لڑائی میں زبردست شکست کے بعد آرمینیا میں شدید غصہ پایا جاتا ہے اور اس حوالے سےآذربائیجان سے شکست کا بدلہ لینے کی ترغیب دی جا رہی ے اور ایٹم بم کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا سے شائع ہونے والے ایک آرمینیائی اخبار نے اپنے اداریہ میں ایٹم بم کے استعمال پر زور دیا ہے۔گزشتہ دنوں 6 ہفتوں کی لڑائی میں آرمینیا کوآذر بائیجان کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانا پڑی اور 3 دہائیوں سے قابض آرمینیائی فوج کو ’نگورنو کاراباخ‘ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس شکست کے بعد امن معاہدے کے تحت آرمینی فوج کو کئی بڑے شہر چھوڑنا پڑے ہیں جبکہ آرمینیا کے عوام حکومت کے امن معاہدے کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہے ہیں۔
آرمینیائی اخبار ’اسباریز‘ نے اپنےاداریہ میں آذربائیجان سے شکست کا بدلہ لینے کی ترغیب دی ہے اور ایٹم بم کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اخبار کے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ آرمینیائی حکومت آذربائیجان کے خلاف کوئی بھی جوہری ہتھیار استعمال کرے او ر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کو اگلے 5 ہزار سال کیلئے ’بنجر زمین‘ میں بدل دے۔
امریکا میں آذربائیجان کے قونصلر جنرل نے اخبار کے اداریہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے امریکی قوانین کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کی جنگ میں سب سے زیادہ جانی نقصان آرمینیا کا ہوا ہے اور اسکے ہزاروں فوجی مارے گئے ہیں۔واضح رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے آرمینی فوج کے ذریعہ سے قبضہ کررکھا تھا۔