مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں غیرقانونی کٹوتی کا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عمر کوٹ میں احساس کفالت پروگرام کے مراکز میں مستحق خواتین سے مبینہ طور پر 500 روپے فی کس کٹوتی کیے جانے کے انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق :احساس کفالت پروگرام کے مراکز میں حکومتی امداد لینے والی نادار اور مستحق خواتین کی جانب سے 500 روپے فی کس کٹوتی پر احتجاج کیا گیا۔احتجاج میں شامل ایک خاتون نے پیسے دکھاتے ہوئے کہا کہ ان کے 500 کاٹے گئے ہیں، ایک اور خاتون نے بتایا کہ زبردستی 500 روپے کاٹ کر ساڑھے گیارہ ہزار روپے دیے جا رہے ہیں جبکہ ایک خاتون نے مزید بتایا کہ منتیں کرنے پر بھی 500 روپےکٹوتی کرکے رقم دی جا رہی ہے، ہر کارڈ پر پیسے کاٹ کر ساڑھے 11ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔گلے میں تحریک انصاف کا کارڈ ڈالے احساس کفالت مراکز میں ان افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں ۔جب کہ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان افراد کو پولیس کی مدد سے باہر نکال دیا گیا ہے۔ایک خاتون پی ٹی آئی ورکر نے بتایا، کہ ہماری یہاں ذمہ داری ہے کہ پیسے واپس کرانا یا کٹوتی نہیں کرنی ہے، ہماری ڈیوٹی ببلی رند نے لگائی ہے۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے احساس کفالت پروگرام کے ضلع انچارج خدا بخش مہر سے بات کی گئی تو انھوں نے کہاکہ پولیس کی مدد سے غیرذمہ دار افراد کی موجودگی کی شکایت کی گئی ہے ، جس پر ان افراد کو احساس کفالت مراکز سے باہر نکال دیا گیا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے ذمہ داران نے احساس کفالت مراکز میں پارٹی کارکنان کی موجودگی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ،جب کہ ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس کو ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔