چینی 23روپے کلو تک سستی ہونے کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چیئرمین آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اسکندر خان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے سے 23 روپے تک کمی کے ساتھ 78روپے فی کلو ہو گئی ہے۔جبکہ شہروں میں چینی 110روپے فی کلو تک فروخت ہو تی رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق :اسکندر خان کے مطابق چینی کے ایکس ملز ریٹ میں بھی کمی آگئی ہے جس کے ایکس ملز ریٹ 78 روپے فی کلوتک پہنچ گئے ہیں۔چیئرمین اسکندر خان نےکہا ہے کہ 78 روپے فی کلو چینی میں 14 روپے ٹیکس بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ گنےکی خریداری میں مڈل مین کا کردار ختم کرنےکے حکومتی اقدام کے مثبت اثرات سامنےآئے ہیں ۔جب کہ گنے کی قیمت 200 روپے برقرار رہنے سے بھی چینی کی ایکس ملز ریٹ میں کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں اس وقت چینی 200 روپے فی کلو ہے۔ لہٰذا چینی کی قیمت کم کرنے کے لیے افغانستان باڈرز پر سختی کرنا ہوگی ۔جب کہ حکومت گڑ کی افغانستان برآمد روکے، کیونکہ گڑ کی آڑ میں افغانستان چینی اسمگل ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے اعتراف کیا ، کہ غلط اعداد و شمار کی وجہ سے چینی کا بحران پیدا ہوا اور اس کی قیمت میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا تسلیم کرتے ہیں کہ چینی کی قیمت بڑھی ہے، مگر ادارے ایکشن لے رہے ہیں، 11 مئی کو شوگر ایڈوائزری بورڈ کی میٹنگ میں شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے 3 لاکھ ٹن چینی سرپلس بتائی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ فزیکل ویری فکیشن سے پتا چلا کہ چینی اسٹاک اتنا نہیں جتنا بتایا گیا، اس کے بعد 3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جو چینی درآمد کر رہی ہے، وہ مارکیٹ سے 15 روپے سستی ہو گی۔بتایا گیا ہے کہ درآمدی چینی کا پہلا جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے اعلامیے کے مطابق پہلا درآمدی جہاز 25250 ٹن چینی لے کر پاکستان پہنچ گیاہے۔ وزارت صنعت پیداوار کی ہدایت پر چینی پنجاب کے لیے درآمد کی ہے۔