(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو آئندہ انتخابات کی تاریخ اکتوبر 2023 دے دی۔
گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے آئندہ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے مذاکرات کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات اکتوبر 2023 میں ہوں گے۔
دوسری جانب لاہور میں وزیر داخلہ راناثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن ہو یا عام انتخابات نواز شریف واپس آئیں گے، لوگ نواز شریف اور ہماری بات ضرور سنیں گے، مسلم لیگ ن پنجاب میں بھاری اکثریت سےکامیاب ہوگی۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں سب کو ساتھ لے کر چلنا پڑنا ہے، جمہوریت میں مسائل مشاورت سے حل ہوتے ہیں، قوم عسکری قیادت پر اعتماد کرتی ہے۔ عدم اعتماد پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، عمرن خان نے کل مذاکرات کی بات کی ہے، پنجاب میں ضمنی الیکشن کرانا ہے یہ فیصلہ کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی عمران خان کی مچائی تباہی پر قابو کیا ہے، آنے والے وقت میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، عمران خان نے گھڑیاں بیچ کر پوری دنیا میں پاکستان کا تماشا بنایا، عمران خان کہتے ہیں ان کیساتھ بیٹھنے سے بہتر ہے میں مرجاؤں۔