(24 نیوز) مصطفی نواز کھوکھر کی خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے وقار مہدی سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ایم کیو ایم نے اپنے امیدواروں کو دست بردار کروا دیا۔
الیکشن کمیشن کے دفتر میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی موجودگی میں ایم کیو ایم کے امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے۔ ایم کیو ایم کے سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری کے ساتھ پیپلز پارٹی کے کورنگ امیدوار عاجز دھامراہ بھی دست بردار ہوگئے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، وقار مہدی اور ایم کیو ایم کے سلیم صدیقی نے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باقاعدہ وقار مہدی کی کامیابی کا اعلان کیا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم دونوں اتحادی ہیں۔ ہمارے معاہدے کے مطابق کے ایم سی اور کچھ ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹرز ایم کیو ایم کے ہونے ہیں، مرتضی وہاب مستعفی ہوجائیں گے، ایم کیو ایم نے عبدالوسیم کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر کے لئے کچھ نام دیئے ہیں، جس وقت بھی ایم کیو ایم کہے گی ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوجائیں گے البتہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ اس سے قبل بلدیاتی قانون میں ترامیم ہوں جو انشاء اللہ 15 جنوری سے قبل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر شپ کے عوض ایڈمنسٹریٹرشپ دینے یا ڈیل والی بات غلط ہے، کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے، یہ نقاط پہلے ہی ہمارے اتحاد کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں کچھ لوگوں نے خود کو سوشل میڈیا پر میئر ظاہر کردیا ہے الیکشن کے وقت سب کا پتہ چل جائے گا۔