(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن لاڈلے اور سپر لاڈلے کے درمیان ہو یہ ممکن نہیں۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام سے دھوکہ ہوا، گزشتہ 70 سال سے نظام وہی ہے صرف چہرے بدلتے ہیں، گزشتہ 10 سالوں میں جو حکومتیں رہیں وہ ایک تسلسل کا نام ہے کسی انقلاب کا نہیں، آج بھی جہالت، کرپشن کا تسلسل اور ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال عوام کیلئے ڈراؤنا خواب رہے، پہلے پی ٹی آئی، 16 ماہ کیلئے مخلوط حکومت رہی، اب نگران حکومت ہے، ہر روز بدامنی اور مایوسی میں اضافہ ہورہا ہے، عام پاکستانی کی زندگی میں کوئی مثبت انقلاب اور تبدیلی نظر نہیں آرہی، سابق حکمرانوں نے صرف اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا عوام کیلئے کچھ نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے چائے کا کپ بھی بھاری پڑ گیا
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آج عام آدمی پریشان ہے، پورا ملک دلدل میں پھنس گیا ہے، ہمیں ہر بار چہرے نہیں نظام بدلنا ہے، جب کسی قوم کے نوجوان نظام کی تبدیلی کیلئے اٹھتے ہیں تو کامیاب ہو جاتے ہیں، نوجوانوں کی وجہ سے ہی روسی اور نیٹو ٹینکوں کو شکست ہوئی تھی، غزہ کے نوجوان ظالم کا مقابلہ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن سودی نظام سے نجات اور کشمیر کی آزادی کا ہوگا، آئندہ الیکشن ظلم و جبر سے نجات کا ہوگا، ہم چاہتے ہیں ملک سے مہنگائی اورغربت کا خاتمہ ہو، 8 دسمبر سے الیکشن مہم کا آغاز کریں گے، کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے۔