آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کی دوڑدلچسپ مراحلےمیں داخل

Dec 03, 2024 | 10:10:AM
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کی دوڑدلچسپ مراحلےمیں داخل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کی دوڑ دلچسپ مراحلے میں داخل ہو گئی۔

 تفصیلات کے مطابق کچھ عرصے قبل تک بھارت اور آسٹریلیا ہی ایک بار پھر فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل نظر آرہے تھے مگر ہوم گراؤنڈز پر نیوزی لینڈ سے وائٹ واش نے بھارتی پوزیشن کو دھچکا لگا دیا۔

اسی طرح آسٹریلوی ٹیم بھی بھارت سے پرتھ ٹیسٹ میں شکست کے بعد خود کو خطرے کا شکار کرچکی، اس دوران جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دے کر کینگروز سے دوسری پوزیشن چھین لی ہے۔

رواں ٹیسٹ چیمپیئن شپ دورانیے میں ابھی 15 میچز مزید کھیلے جانے ہیں تاہم تاحال کوئی بھی ٹیم ابھی تک فائنل میں اپنی نشست بک نہیں کراسکی۔

 جنوبی افریقہ اگر سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کا آخری ٹیسٹ اور اس کے بعد پاکستان سے دونوں ہوم ٹیسٹ میچز جیت گیا تو 61.11 کی پرسنٹیج حاصل کرکے فائنل کھیلنے کے اپنے امکانات کو روشن کرسکتا ہے، اس صورت میں بھی سری لنکا اور بھارت دونوں اس کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں مگر اس کےلیے آئی لینڈرز کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں دونوں ٹیسٹ جیتنا ہوں گے جبکہ بھارت کو رواں سیریز میں آسٹریلیا کو کم سے کم مزید 3 ٹیسٹ میچز میں مات دینا ہوگی۔

البتہ اگر آسٹریلیا اپنے باقی ٹیسٹ میچز میں سے 4 میں فتح پائے اور ایک ڈرا کرے تو اس کی پرسنٹیج 61.11 ہوجائے گی، اس صورت میں بھارت اور سری لنکا دونوں جنوبی افریقہ سے نیچے چلے جائیں گے۔ اگر جنوبی افریقہ سری لنکا سے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد پاکستان سے سیریز 1-1 سے برابر کرے تو اس کی پرسنٹیج 61.11 ہوجائے گی، یوں ٹیم کی فائنل میں جگہ پکی ہوسکتی ہے کیونکہ اگر سری لنکا آسٹریلیا سے سیریز کے دونوں ٹیسٹ جیت جائے تب بھی کینگروز یا بھارت میں سے کوئی ایک ٹیم ہی پروٹیز کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔

 پاکستان اگر اپنے باقی چاروں ٹیسٹ جیت گیا تو اس کی پرسنٹیج 52.38 تک پہنچ پائے گی، البتہ اگر سری لنکا کا جنوبی افریقہ سے دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہو اور وہ آسٹریلیا سے سیریز 1-1 سے برابر کرلیں۔ بھارت آسٹریلیا میں 1-2 سے ہار جائے اور نیوزی لینڈ، انگلینڈ سے سیریز 1-2 سے گنوا دے تب گرین شرٹس آسٹریلیا کے خلاف فائنل کھیلیں گے تاہم اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔