سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا : ترجمان پی آئی اے

Feb 03, 2021 | 09:32:AM

(24نیوز) کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب کی جانب سے پاکستان پر لگائی گئی پابندی کے بعد قومی ایئرلائن کا ردعمل بھی  آگیا۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے وطن واپسی کیلئے پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوگا۔

 ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کی آسانی کیلئے پی آئی اے کا سعودی عرب آپریشن جاری رہے گا۔  پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کیلئے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق پابندی کے اطلاق سے قبل پی آئی اے کی پروازوں سیالکوٹ دمام، ملتان تا مدینہ اور اسلام آباد تا ریاض معمول کے مطابق چلیں گی۔پی آئی اے کی دو پروازیں کراچی تا جدہ اور لاہور تا مدینہ مسافروں کے ساتھ ابھی محو پرواز ہیں، مذکورہ پابندی کے بعد کوئی مسافر  پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق جن مسافروں کی پاکستان تا سعودی عرب پروازوں میں بکنگ تھی ان کی بکنگز پابندی کے خاتمے تک ملتوی کی جارہی ہیں، پابندی ختم ہوتے ہی تمام بکنگز کو پہلی پروازوں پر بحال کردیا جائے گا۔

ترجمان نے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ مزید معلومات یا بکنگ کی تبدیلی کیلئے پی آئی اے انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور پی آئی اے کی جانب سے بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے اپنے صحیح نمبرز کا اندراج کروائیں۔

مزیدخبریں