لاپتہ شہری کی اہلیہ کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پرسندھ ہائیکورٹ برہم

Feb 03, 2021 | 10:16:AM

(24نیوز)لاپتہ شہری کی اہلیہ کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر سندھ ہائی کورٹ   نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر نادرا کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے بتایا کہ اس کا  شوہر جاوید 6سال سے لاپتہ ہے۔جس کو بازیاب کرانے میں ادارے اب تک ناکام رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری کے بچوں کو سکول میں داخلہ دینے کے لئے والدین کا شناختی کارڈ طلب کیا گیا۔جبکہ کوشش کے باوجود نادرا جاوید کی اہلیہ کو شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہا۔ لاپتہ جاوید کی اہلیہ کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بتایا جائے لاپتہ شہری کی اہلیہ کو قومی شناختی کارڈ جاری کیوں نہیں کیا جارہا؟

خیال رہے کہ  سندھ ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر نادرا کو طلب کر لیا ہے جبکہ عدالت نے دیگر فریقین سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔جسٹس نعمت اللہ نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ادارے لاپتا شہری کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے،اب لاپتا شہری کی فیملی کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مزیدخبریں