جعلی لائسنس سکینڈل : فرار کی کوشش ناکام، دوسرا پائلٹ گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پائلٹس کے مشتبہ جعلی لائسنس سکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے کارروائیاں تیز کردیں، برطانیہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک اور پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ نے بتایا کہ کپتان فہد سلطان برطانوی پاسپورٹ پر غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے برطانیہ جانا چاہتا تھا۔ملزم فہد سلطان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، فہد سلطان پر مقدمہ نمبر 07/21 کے درج ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق کپتان نے جعلی لائسنس بنا رکھا تھا اور وہ کہیں بھی فلائنگ نہیں کرتا تھا۔ سول ایوی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری کی مدعیت میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا جس کے تحت گزشتہ دنوں ایک پائلٹ اور سول ایوی ایشن کے 5 افسروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لائسنس تحقیقات میں دو اہم سی اے اے کے ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
تحقیقات میں پائلٹس سمیت سی اے اے کے مزید ملزموں کا نیٹ ورک بھی سامنے آیا ہے اس کے علاوہ سی اے اے کے افسروں کا فرنٹ مین کے ذریعے مبینہ طور پر پائلٹس سے رقم لینے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق سی اے اے لائسنس برانچ کے حکام پائلٹس کو پاس کرنے کے لئے فی پرچے کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیا کرتے تھے۔
افسروں پر
پائلٹس کی جگہ کسی اور کو بٹھا کر امتحان پاس کروا نے اور کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار سی اے اے کے لائسنس برانچ کے افسروں اور پائلٹس کا ریمانڈ بھی حاصل کیا ہوا ہے مزید تفتیش کی جارہی ہے، تحقیقات کا دائرہ مزید پھیلا دیا گیا ہے اور مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔