(24نیوز) مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے گھر ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال،مریم اورنگزیب،جاویدلطیف، سعدرفیق اور پرویز رشید بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں واضح مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان پر زور دیا جائے گا، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی جب کہ نواز شریف پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری سے رابطہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ اور استعفوں سمیت تمام آپشن استعمال کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق سعد رفیق کی سربراہی میں ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں رانا ثنااللہ، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر اور جاوید لطیف شامل ہیں، گروپ پی ڈی ایم اجلاس کے لئے تجاویز پیش کرے گا۔