خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر ،اسلام آباد ہائی کورٹ کی نوٹس جاری کرنے سے معذرت

Feb 03, 2021 | 16:19:PM

(24نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کیلئے نوٹس جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے رجوع کرنے کا حکم  دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 70 سال میں ہم نے نیشنل اسمبلی کا احترام نہیں کیا، اگر ادارے کا احترام کیا ہوتا تو آج صورتحال یہ نہ ہوتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرخارجہ اور سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے سے متعلق  دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کی جانب سے وکیل بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا عدالت  میں  پیش ہوئے اور بتایا کہ میں نے یکم فروری کو خواجہ آصف کا پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا لکھا لیکن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دییئے کہ یہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایات جاری نہیں کر سکتی، یہ لیڈرشپ کا کام ہے کہ وہ اتنی بڑی قائمہ کمیٹی کو عزت دیں، جب عدالت اسمبلی اور باڈی کو اتنی عزت و تکریم دے رہی ہے تو سب کو دینی چاہیے۔ یہ احترام قومی اسمبلی کا تب ہو گا جب عدالتیں ان کے حوالے سے کسی معاملے میں مداخلت نہ کریں۔

عدالت نے مزید ریماکس دئیے کہ 70سال میں ہم نے اس ادارے کا احترام نہیں کیا، اگر  کیا ہوتا تو آج صورتحال یہ نہ ہوتی، آپ تمام فورمز کو استعمال کریں پھر اس کورٹ میں آئیں اور ہمیں مطمئن کریں، اس اسٹیج پرعدالت کوئی آرڈر جاری نہیں کر رہی ہے۔

  بیرسٹر محسن شاہ نواز نے کہا کہ میں چیئرمین ہوں پروڈکشن آرڈرز جاری کرنا میرا اختیار ہے لیکن میری بات نہیں مانی جارہی، پروڈکشن آرڈرز جاری ہو چکے، سیکرٹری قومی اسمبلی عمل درآمد نہیں کرا رہا، چوتھی بار ہم نے لکھا لیکن پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کئے جارہے، جب سیکرٹری قومی اسمبلی ہماری بات نہیں سن رہا توہم کدھر جائیں، یکم فروری کو چوتھا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جس پرعمل نہیں کیا جارہا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت سے معذرت کرتے ہوئے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے رجوع کا حکم دیا اور کیس کی مزید سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں