کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ۔۔۔تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند

Feb 03, 2022 | 18:58:PM

(24 نیوز)آزادکشمیر کے ضلع سدھنوتی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ پر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ پونچھ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں بتدریج اضافہ ہونے لگا، ضلع راولاکوٹ میں مثبت کیسز کی شرح29 فیصد، ضلع سدھنوتی میں 38 فیصد، ضلع باغ میں 39 فیصد جبکہ حویلی میں 8 فیصد ہو گئی،ڈپٹی کمشنر سدھنوتی نے کورونا مثبت کیسز کی شرح پر ضلع کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا،کیڈٹ کالج پلندری اس حکم سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

ادھروادی نیلم میں بھی کورونا کی شرح میں مسلسل اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو ایک ہفتہ بند رکھنے کی تجویزدے دی گئی،ڈی ایچ او نیلم نے ڈپٹی کمشنر کو تعلیمی اداروں کی بندش کے لئے مکتوب ارسال کر دیا۔ڈی ایچ او نیلم نے کہاہے کہ نیلم میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، تعلیمی ادارے زیادہ ہونے کی وجہ سے فوری ٹیسٹنگ ممکن نہیں۔ 
ڈی ایچ او کا مزید کہناہے کہ طلبہ اور اساتذہ میں کورونا مثبت کی شرح زیادہ ہے،کورونا کیسز میںمسلسل اضافے سے صورتحال کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے،ڈاکٹر عبدالمتین نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نیلم نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد نیلم میں تعلیمی ادارے 10 فروری تک بند کر دئیے ،محکمہ صحت کی سفارشات کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے 9 فروری تک بند، طلبا کیلئے بڑی خبر

مزیدخبریں