حکومت بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی ذرائع پر کام کر رہی ہے: وزیراعظم

Feb 03, 2023 | 11:13:AM

 (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی ذرائع پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں پاکستان کے ساتویں نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا، کے تھری کی شمولیت سے جوہری توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت 3600 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کے تھری منصوبے سے قومی گرڈ میں 1100 میگاواٹ بجلی شامل ہوچکی ہے، حکومت بجلی کی پیداوار کے مقامی ذرائع پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، توانائی کے مقامی ذرائع سے ایندھن کی درآمد اور ٹیرف کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی طور پر پیدا ہونے والی بجلی عام آدمی کو ریلیف دینے میں بھی مدد گار ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ ’کے تھری ‘کا افتتاح کیا تھا۔

 اس منصوبے سے ماحول دوست 1100میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ جوہری توانائی بجلی گھر سے مجموعی پیداوار2200میگاواٹ ہو جائے گی۔

مزیدخبریں