فیس بک کو روزانہ کتنے لوگ استعمال کرتے ہیں؟

Feb 03, 2023 | 13:48:PM

(ویب ڈیسک )فیس بک کو دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک قرار دیا جاتا ہے مگر کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ روزانہ کتنے افراد اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں۔

فیس بک کو 19 سال ہوگئے ہیں مگر اس کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے۔پہلی بار اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 ارب ہوگئی ہے۔2022 کی چوتھی سہ ماہی کی آمدنی کی  تفصیلات جاری کرتے ہوئے میٹا نے بتایا کہ اکتوبر سے دسمبر 2022 کے دوران فیس بک صارفین کی تعداد میں ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد روزانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاک نےایک اور نیا فیچر متعارف کروا دیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک میٹا کی زیرملکیت پہلی سروس نہیں جس کے روزانہ صارفین کی تعداد 2 ارب تک پہنچی ہے۔پہلے واٹس ایپ نے بھی یہ سنگ میل حاصل کیا تھا مگر فیس بک کے اعدادوشمار سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی کی اشتہاری آمدنی کا بنیادی ذریعہ اب بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔تازہ  رپورٹ کے مطابق میٹا کی اکتوبر سے دسمبر 2022 کے دوران آمدنی میں 2021 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں 4 فیصد کمی آئی۔

رپورٹ میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے عندیہ دیا کہ کمپنی سے مزید ملازمین کو نکالا جاسکتا ہے کیونکہ کمپنی کی جانب سے افادیت کو ترجیح دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ generative آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی بھی میٹا کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی متعدد ایپس کے لیے ایک بہت زیادہ پرجوش شعبہ ہے اور میٹا کا ایک مقصد اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔

مزیدخبریں