شیخ رشید کیخلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج، گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی تشکیل دے دی گئی۔
مقدمہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر درج کیا گیا۔ مدعی نے موقف اپنایا کہ شیخ رشید کی تقریر سے پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنان میں اشتعال پھیلا، لوگوں کی بڑی تعداد نے سڑک پر آکر احتجاج کیا، میں نے اپنے ساتھیوں کو بڑی مشکل سے روکا۔
مدعی نے درخواست میں مزید کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے جان بوجھ کر امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی، تصادم، خونریزی اور اشتعال پھیلانے کی سازش کی گئی۔
شیخ رشید کو راولپنڈی سے گرفتار کر کے کراچی لایا جائے گا۔ پولیس پارٹی کو گرفتاری کے لئے منظوری دے دی گئی۔ ممکنہ طور پر چند گھنٹوں کے اندر شیخ رشید کو حراست میں لے کر منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔