پونم پانڈے زندہ ہیں؟ اداکارہ کی ویڈیو نےسب کو چونکا دیا، مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

Feb 03, 2024 | 13:02:PM

This browser does not support the video element.

(ویب ڈیسک)گزشتہ روز بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے کی اچانک موت کی خبر جھوٹی نکلیں، اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو جاری  کرکے سب کو حیران کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 2 فروری 2024 کو اچانک پونم پانڈے کی موت کی خبر نے سب کو چونکا دیا تھا، ان کی میڈیا ٹیم نے انتقال کی خبر  انسٹاگرام پر جاری کی اور بتایا کہ 32 سالہ پونم پانڈے کی موت سروائیکل کینسر کی وجہ سے ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونم پانڈے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بالکل ٹھیک اور زندہ ہیں، اداکارہ کو موت کی خبروں کے بعد زندہ دیکھ کر مداح اور بھارتی شوبز شخصیات دنگ رہ گئے ہیں۔

پونم پانڈے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ "میں زندہ ہوں اور بالکل ٹھیک ہوں، میں نے یہ سب سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور اس کینسر کی ویکسین کی تشہیر کرنے کے لیے کیا کیونکہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے کئی لوگ اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں"،اداکارہ نے کہا کہ "کینسر کی دوسری اقسام کے برعکس، سروائیکل کینسر مکمل طور پر روکا جا سکتا ہے، اگر ہمیں شروعات میں اس کینسر کے بارے میں آگاہی مل جائے گی تو ہم بروقت اپنا علاج کرواسکتے ہیں اور اس طرح کوئی بھی مریض سروائیکل کینسر کی وجہ سے اپنی جان کی بازی نہیں ہارے گا"،آخر میں اُنہوں نے اپیل کی کہ "آئیے، ہم سب ملکر سروائیکل کینسر سے متعلق معلومات لوگوں تک پہنچاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شعور پیدا ہوسکے"۔

یہ بھی پڑھیں:بالی ووڈ اداکارہ پونم پانڈے کینسر کے باعث چل بسیں

 پونم پانڈے کے اس ڈرامے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جلد از جلد اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ انہوں نے موت کا مذاق بنایا ہے۔

واضح رہے کہ 2 فروری کی صبح پونم پانڈے کے آفیشل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سروائیکل کینسر کی وجہ سے اداکارہ کی موت ہوگئی ہے،پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا تھا جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا تھا۔

اب  اس پوسٹ کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ ایک مہم کا حصہ ہے جو سروائیکل کینسر سے آگاہی پر مبنی ہے,سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ چونکہ جنوری سروائیکل کینسر سے آگاہی کا مہینہ ہے  اور بھارتی حکومت نے اسی مناسبت سے ایک مہم کا آغاز کیا تھا ، پونم پانڈے نے بھی اسی مہم میں حصہ لیتے ہوئے یہ پوسٹ جاری کی۔

مزیدخبریں