(امداد بُزدار) مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ 8 فروری کو جی ڈی اے، بی ڈی اے نہیں صرف تیر چلے گا اور بلاول بھٹو وزیراعظم بن کر غریبوں کے حقوق کیلئے لڑیں گے۔
آصفہ بھٹو نے انتخانی مہم کے دوران سکھر گلوب چوک میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ آج میری سالگرہ ہے، میری اس موقع پر ایک ہی خواہش ہےکہ آپ 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر اسے کامیاب بنائیں، دوسری جماعتیں امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب کرنا چاہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی کا ماضی خوفناک ، خدشہ ہے 8 فروری کو حالات بگڑ نہ جائیں، سعید غنی
مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ ووٹ کی طاقت آپ کی ہے، آپ نے اس کا صحیح استعمال کرنا ہے اگر آپ ووٹ کو صحیح استعمال کریں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔
آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی آپ کے حق کیلئے لڑتی تھیں، میری ماں کو شہید کیا گیا پھر ان کا مشن آصف زرداری نے شروع کیا، ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں خواتین کی مدد کر رہے ہیں، ہماری جماعت غریبوں کے حقوق کیلئے لڑ رہی ہے۔