جب تک نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملے گا، چین سے نہیں بیٹھیں گا، نواز شریف

Feb 03, 2024 | 19:51:PM
جب تک نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملے گا، چین سے نہیں بیٹھیں گا، نواز شریف
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار نہیں ملے گا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یہ جو میرے سامنے بیٹھی ہے یہ اصل یوتھ ہے، وہ یوتھ نہیں، یہ اصل پاکستانی ہیں جو میرے سامنے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ یہ وہ یوتھ ہے جو بڑوں کا ادب کرتے ہیں، اس یوتھ کے ساتھ میرا دل دھڑکتا ہے، جب تک آپ کو باعزت روزگار نہیں ملتا سکون سے نہیں بیٹھوں گا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہہ رہی ہے میرے دور میں کرپشن سب سے کم تھی، صرف کرپشن نہیں روٹی، آٹے، چینی، گھی، پٹرول اور بجلی کی قیمت بھی کم تھی۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ بھی ہم نے ختم کی، ڈالر کی قیمت بھی سب سے کم میرے دور میں تھی، میرے دور میں ترقی کی رفتار 6 فیصد پر تھی، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف نے کہا اگر پاکستان اسی طرح ترقی کرتا رہا تو اس کو کوئی نہیں روک سکتا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک آیا، پاکستان میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، یہ اسلام آباد میں دھرنے کر رہے تھے، ہم کام کر رہے تھے، یہاں سارے ترقیاتی کام شہباز شریف نے کیے، شہبازشریف ترقیاتی کاموں پر میرا نام لے رہے ہیں اور سب خود بنوائے۔

انہوں نے کہا کہ میری وزارت عظمیٰ سے چھٹی کرائی گئی، یہ جج آج خود استعفیٰ دے کر جا رہے ہیں، جو جج استعفیٰ دے کر گیا یہ چیف جسٹس بننے والا تھا، اس جج نے میری چھٹی کروائی، اگر میری حکومت چلتی رہتی تو کوئی آدمی بیروزگار نہ ہوتا، آج لوگ ایک دوسرے سے ادھار نہ مانگ رہے ہوتے۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ میرے دور میں چھوٹی گاڑیاں 5 سے 10 لاکھ میں آتی تھیں، ہنڈا موٹرسائیکل 70 ہزار روپے میں ملتی تھی، ٹریکٹر 8 لاکھ روپے کا تھا، آج 38 لاکھ روپے کا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ میرا دور سستا ترین دور تھا، میرے دور میں سبزی 10 روپے کلو ملتی تھی، میرے دور میں 5 روپے کی روٹی ملتی تھی، آج روٹی 20 روپے کی ملتی ہے، میرے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا، آج ڈالر 290 روپے کا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر ظلم ڈھایا گیا ہے، نوجوانوں کو کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ہے، نوازشریف چین سے بیٹھنے والا نہیں ہے، جب تک پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔