گوجرانوالہ والو تکے کباب بعد میں کھانا 8 فروری کو پہلے ووٹ ڈالنا، شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کو گوجرانوالہ والو آپ کی مہربانی ہے تکے اور کباب بعد میں کھانا پہلے ووٹ ڈالنا۔
گوجرانوالہ میں انتخابی مہم کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک حکومت نے وزیر آباد میں ہسپتال کی تعمیر شروع کی، ہم نے وزیرآباد میں ہسپتال مکمل کرایا دل کے امراض کا سینٹر بنایا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اچھے منصوبے کو آگے لیکر چلنا چاہیئے، گزشتہ حکومت نے نواز شریف کے ایک ایک منصوبے کو بے دردی سے ختم کیا، پی کے ایل آئی لاہور دنیا کا مایہ ناز ہسپتال ہے جو 20 ارب روپے کی لاگت سے بنوایا، پورے پنجاب میں ہیپاٹائٹس سینٹر بنوائے ان کو گزشتہ حکومت نے بند کرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے نواز شریف کو 2013ء میں موقع دیا، 2013ء میں کرپشن کا انڈیکس 141 پوائنٹ پر تھا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن بڑھنے پر اپنی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے چہرے کو پوری دنیا کے سامنے دکھایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں پورے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے بنے، نواز شریف نے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کرپشن کے اوپر کاری ضرب لگائی، نواز شریف نے گوجرانوالہ کے ہزاروں بچوں کو لیپ ٹاپس دیئےاور گوجرانوالہ میڈیکل کالج، گجرات میں یونیورسٹی بنائی۔
8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر نوازشریف کو کامیاب کروانا ہے۔ گجرانوالہ میں ارفع کریم آئی ٹی یونیورسٹی اور میٹرو یا اورنج ٹرین بھی بناکر دیں گے۔
— PMLN (@pmln_org) February 3, 2024
صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہبازشریف #گوجرانوالہ_شیر_کا pic.twitter.com/2AHThmar9I
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ، گوجرانوالہ کی سڑک نواز شریف نے بنائی، نواز شریف نے ترقی کی ایک داستان چھوڑی، نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹا گیا، پھر ایک شخص کی حکومت آئی، لوگوں نے کہا یہ تو فرشتہ ہے، مجھے بتائیں اس نے اپنے 4 سالوں میں ایک اینٹ بھی لگائی؟
انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں کرپشن دوبارہ 140 پوائنٹ پر چلی گئی، کچھ لوگ مناظرہ کا چیلنج دے رہے ہیں، آؤ مناظرہ کرلو پھر پتہ چلے گا نواز شریف ملک کا معمار ہے یا کوئی اور۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری 13 پارٹیوں کی حکومت آئی، سیلاب متاثرین میں 100 ارب روپے تقسیم کیے، میرے ایک سال میں کرپشن کم ہوکر 7 پوائنٹ نیچے آئی۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے، اللہ نے نواز شریف کو دوبارہ موقع دیا تو آپکے ہاتھ میں لیپ ٹاپس دے گا، آپ نے 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ کے لوگوں پر نواز شریف جان نچھاور کرتا ہے، اللہ نے چاہا تو گوجرانوالہ میں ارفع کریم ٹاور بنے گا، آپ لوگ پہلوان ہیں یہاں میٹروبس سروس تو بیٹھ جائے گی، ہمیں یہاں اورنج ٹرین کا انتظام کرنا پڑے گا، آپ نے 8 تاریخ کو شیر پر مہر لگا کر نواز شریف کو کامیاب کرانا ہے۔
جلسے میں مقامی پہلوانوں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کو پہلوانی پگ پہنائی گئی اور گرز پیش کیا گیا۔