کراچی میں موسم سرما کی پہلی موسلادھار بارش، پانی ہسپتال میں داخل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) شہر قائد کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے لگے،طوفانی بارش کے نتیجے میں سول ہسپتال پانی داخل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق روشنیوں کے شہر کراچی میں بھی موسم سرما کی پہلی موسلادھار ہوئی،نارتھ کراچی، بفرزون، نیو کراچی سمیت ضلع وسطی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے بارش کا پانی سول ہسپتال کے مختلف شعبوں میں داخل ہوگیا، سول ہسپتال کے میڈیکل وارڈ نمبر 3 میں پانی داخل ہونے سے طبی عملے کے ساتھ مریض و تیمار داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، انتظامیہ بارش کا پانی نکالنے میں ناکام رہی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل بی ایئریا، گلشن اقبال اور،گلستان جوہر کے بیشتر علاقوں میں باران رحمت برسنے لگی،شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے موسم سرد ہو گیا ،نارتھ ناظم آباد میں موسلادھار بارش سے بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ،صدر ،کالا پل، بزرٹہ لائن سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہے ،بہادرآباد میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی،رپورٹ کے مطابق شہر کے شمالی علاقوں میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریڈار پر شمالی علاقےمیں بارش کا ہیوی سپیل نظر آرہا ہےجبکہ شہر کے جنوبی علاقے میں ہلکی اور درمیانی بارش ہوسکتی ہے، موجودہ سپیل میں بارش کا سلسلہ دو سے تین گھنٹےمزید جاری رہ سکتا ہے۔
اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کردیا کہ نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی بند کی جاسکتی ہے ، کے الیکٹرک کا فیلڈ سٹاف ہائی الرٹ پر ہے ،شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں ،برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔