آسٹریلوی کرکٹرعثمان خواجہ اور اسلام قبول کرنے والی اہلیہ کی رومانوی کہانی

Feb 03, 2025 | 09:39:AM
آسٹریلوی کرکٹرعثمان خواجہ اور اسلام قبول کرنے والی اہلیہ کی رومانوی کہانی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )پاکستانی نژاد آسٹریلیا کے بیٹر عثمان خواجہ نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور خود کو کرکٹ کے لیجنڈز کی فہرست میں موجود عظیم کھلاڑیوں میں شامل کرلیا اور ان کی اہلیہ بھی میڈیا اور بزنس ڈیولپمنٹ منیجر کے طور پر پروفیشنل کیریئر بنا چکی ہیں۔

عثمان خواجہ اور ریچل خواجہ کی کہانی تقریباً دہائی پرانی ہے اور ان کی پروفیشنل اور رومانی زندگی کے حوالے سے دلچسپ معلومات سامنے آئی ہیں۔

عثمان خواجہ کی اہلیہ کا اصل نام ریچل مک لیلن تھا تاہم انہوں نے عثمان خواجہ سے شادی کرکے اسلام قبول کرلیا اور اس کے بعد وہ ریچل خواجہ بن گئی ہیں جو خود ایک کامیاب پروفیشنل خاتون ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریچل خواجہ ایک 21 جنوری 1987 کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیدا ہوئیں اور خود ایک بزنس ڈیولپمنٹ منیجر کے طور پر منوایا اور سیون کرکٹ کے ساتھ بطور رپورٹر کام کیا۔

انہوں نے اپنی تعلیم نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی سے مکمل کی جہاں انہوں نے مارکیٹنگ میں ڈگری حاصل کی، جو ان کے پروفیشنل کیریئر کے حوالے سے سود مند ہے۔

عثمان خواجہ اور ریچل کی رومانی کہانی کا آغاز 2015 میں یونیورسٹی کے دور میں ہوا جہاں دور طالب علمی میں دونوں کو مختلف نشیب و فراز کا سامنا رہا تاہم دونوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعلق مضبوط ہوتا گیا۔

دونوں نے تین سال تک دوستی میں رہنے کے بعد اپنے اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا تاہم دونوں کا مذہبی پس منظر اور پیش منظر بالکل مختلف تھا لیکن ریچل نے عثمان خواجہ کو زندگی کا ہم سفر چننے سے پہلے ایک اور بڑا فیصلہ کیا۔

ریچل نے عثمان سے شادی سے قبل اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا، اپنے اس ذاتی فیصلے سے قبل وہ کیتھولک عیسائی تھیں اور انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ ان کا اپنا ذاتی اور آزادانہ فیصلہ ہے، اس کے لیے عثمان خواجہ یا ان کے خاندان کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔

عثمان خواجہ اور ریچل ایک نجی تقریب میں 6 اپریل 2018 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے جہاں ان کے خاندانوں نے شرکت کی اور ثقافتی اور روایتی انداز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

شادی کی تقریب سے قبل عثمان خواجہ اور ریچل نے اسلامی قواعد کے مطابق نکاح پڑھ لیا تھا اور نکاح کی تقریب 2017 میں ہوئی تھی، ریچل نکاح سے قبل ہی دائرہ اسلام میں داخل ہوگئی تھیں۔

ریچل کے اس بڑے اقدام سے دونوں میاں بیوی کا رشتہ مزید گہرا ہوگیا اور دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے اقدار، ثقافت اور روایات کا دلی احترام کیا جاتا ہے۔

عثمان خواجہ اور ریچل کی دو پیاری سی ننھی پریاں ہیں، جن کے نام انہوں نے عائشہ راحیل اور عائلہ فوزیہ رکھا ہے اور ریچل سوشل میڈیا پر اکثر اپنی بچیوں اور عثمان کے ساتھ تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں اور بعض اوقات اپنی ساس اور سسر کی تصاویر بھی مداحوں کو دکھاتی ہیں۔

ریچل نہ صرف اپنی بچیوں کی تربیت مکمل انداز سے کر رہی ہیں بلکہ وہ عثمان خواجہ کو سپورٹ کرنے کے لیے بھی اہم مواقع پر موجود ہوتی ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے حاضر ہوتی ہیں۔

وہ اپنے میاں کی کامیابیوں اور شان دار کارکردگی کا جشن بھی مناتی ہیں اور سوشل میڈیا پر دلوں کو چھونے والے پیغامات بھی ارسال کرتی ہیں، عثمان خواجہ کی ایشز میں انگلینڈ کے خلاف یادگار اننگز ہوں یا سری لنکا سمیت دیگر مضبوط ٹیموں کے خلاف تاریخی کارکردگی ہو ہر جگہ وہ اپنے میاں کے ساتھ خوشیاں منانے اور مداحوں کو اس میں شامل رکھنے میں پیش پیش ہوتی ہیں۔

 ریچل خواجہ اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ بیک وقت ایک ماں اور پروفیشنل کرکٹر کی بیوی کی حیثیت سے دونوں کرداروں میں بخوبی اپنے فرائض نبھا رہی ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اپنا پروفیشل کیریئر بھی شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔