سرکاری اسکیم کے حج واجبات کی تیسری قسط کی ادائیگی کی تاریخوں کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)حکومت نے حج 2025ء کیلئے سرکاری اسکیم کے واجبات کی تیسری قسط کی ادائیگی کی تاریخوں کا اعلان کردیاہے۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں بتایا ہے کہ سرکاری حج اسکیم میں واجبات کی تیسری قسط 6 تا 14 فروری تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جاسکتی ہے،سعودی عرب نے 2025ء میں پاکستان کیلئے 179,210 حاجیوں کا کوٹہ مختص کیا تھا، جو حکومت اور نجی اسکیموں میں یکساں طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے رواں سال حج کیلئے درخواستوں کی مطلوبہ تعداد مکمل نہ ہونے پر حکومتی کوٹے کے تحت باقی 5 ہزار نشستوں کو پُر کرنے کیلئے 10 جنوری سے دوبارہ حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
حکومت نے سرکاری کوٹہ پورا کرنے کیلئے گزشتہ ماہ درخواستوں کی آخری تاریخ کی ڈیڈ لائن میں 3 دسمبر سے 10 دسمبر تک اور پھر 17 دسمبر تک دو بار توسیع کی تھی،وزارت نے عازمین حج کی رہنمائی کیلئے ’پاک حج 2025‘ موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کروا دی ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کیلئے دستیاب ہے۔
حکومت نے ایئر ٹکٹ کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وفاقی پروگرام کے تحت عازمین کیلئے ٹکٹ کی قیمت 2 لاکھ 20 ہزار روپے کردی گئی ہے، جو پچھلے سال دو لاکھ 34 ہزار روپے تھی۔
خیال رہے کہ سعودی سول ایوی ایشن نے حج 2025ء کے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا ہے، حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز منگل 29 اپریل 2025ء (یکم ذی القعدہ 1446 ہجری) سے ہوگا جبکہ حجاج کی واپسی 13 ذی الحجہ سے شروع ہوگی۔