100دن گزرچکے،شہبازشریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی،مریم اورنگزیب

Jan 03, 2021 | 16:14:PM

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے این آر او لینے کے لئے شہباز شریف، خواجہ آصف کو گرفتار کیا ہے۔ شہبازشریف کو جیل میں 100 دن ہوگئے ہیں 100 پیسے کی کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ عمران صاحب کو معلوم ہے شہبازشریف کی ملک چلانے کی پوری تیاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جیل میں 100دن مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف لہرائے گئے کاغذ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔ 100 دن شہبازشریف کو گرفتار کر کے عوام کا آٹا چینی چوری کیا گیا۔اب عوام کی گیس اور بجلی چوری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب نے اپنی نالائقی، نااہلی، جھوٹ اور کرپشن چھپانے کے لئے شہبازشریف کو ناحق گرفتارکروایاہے۔شہبازشریف اس لئے گرفتار ہیں تا کہ عمران صاحب کو مہنگائی 3 سے 14 فیصد کرنے پر این آر او دے دیا جائے۔ شہبازشریف اس لئے ناحق قید ہیں تا کہ کوئی عمران صاحب سے یہ نہ پوچھے کہ 100 دن کے پلان کا کیا ہوا؟  

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف اس لئے گرفتارہیں تاکہ عمران صاحب 50 لاکھ گھر نا دینے پر اپنے لئے این آر او لے سکیں۔

اُن کا وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف اس لئے گرفتار ہیں تا کہ عمران صاحب 225 ارب کی آٹا ڈکیتی پر اپنے لئے این آر او لے سکیں۔شہبازشریف اِس لئے گرفتار تا کہ عمران صاحب کو زمان پارک گھر کی کروڑوں روپے کی نئی تعمیر پر این آر او مل جائے۔

مزیدخبریں